جیو ٹی وی کیلئے بہت بڑا اعزاز، لکس اسٹائل ایوارڈز میں 25 نامزدگیاں

– JANG

کراچی (جنگ نیوز)پاکستان کے سب سے بڑے انٹرٹینمنٹ ایوراڈز لکس اسٹائل ایوارڈز کیلئے نامزدگیوں کا اعلان کردیا گیا ہے اور پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ نے مختلف کیٹیگریز میں 25 نامزدگیاں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسدقریشی کے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کے بینر تلے تخلیق ہونے والے مختلف ڈراموں نے نا صرف پاکستان میں بلکہ دُنیا بھر میں دھوم مچا رکھی ہے اور یہی وجہ ہے کہ سیونتھ اسکائی کی بہترین پروڈکشن، بہترین کونٹینٹ اور عمدہ و معیاری کہانی کی وجہ سے پاکستان کے سب سے بڑے ایوارڈ شو نے ”جیو ٹی وی“ کے ڈراموں کو مختلف کیٹیگریز کیلئے نامزد کیا ہے۔

لکس اسٹائل ایوارڈ کی فہرست میں جگہ بنانے والے سیریلز میں ”دیوانگی، رازِ اُلفت، فطرت، مقدر، کہیں دیپ جلے اور مہر پوش“ شامل ہیں۔

یہ ڈرامے سیونتھ اسکائی انٹرٹیمنٹ کے شاہکار ڈرامے شمار کئے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ جیو ٹی وی پر چلنے والے ایپک انٹرٹینمنٹ کا ڈرامہ ”الف“ کو بھی مختلف شعبوں میں نامزدگیاں ملی ہیں۔ ایوارڈز کیلئے ووٹنگ کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے اور ناظرین اپنے پسندیدہ شعبے کیلئے www.luxstyle.pk کی ویب سائٹ پر جاکر اپنا ووٹ با آسانی کاسٹ کرسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کی پروڈکشن میں بنائے گئے ڈرامہ سیریلز ریٹنگ چارٹ پر بھی سب سے اوپر ہیں۔ پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل نے سوشل میڈیا پر بھی اپنا راج برقرار رکھا ہوا ہے۔

 دُنیا بھر میں موجود ناظرین بڑی تعداد اپنے پسندیدہ چینل کے پسندیدہ سیریلز کی پسندیدہ کہانیوں کا بے صبری سے انتظار کرتی ہے جس کا چھوٹا سا نظارہ سوشل میڈیا پر یوں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیو کے ڈرامے جیسے ہی ڈیجیٹل میڈیا کے پلیٹ فارم ”یوٹیوب“ پر آتے ہیں تو آتے ہی چھا جاتے ہیں، قسط اَپ لوڈ ہوتے ہی اس پر لاکھوں ویوز چمکنے لگتے ہیں جو جیو کے سیریلز کی پسندیدگی کی گواہی دے رہے ہیں۔

معیاری پروڈکشن، عمدہ کونٹینٹ اور جاندار اداکاری سے مزین جیو ٹی وی کے ڈرامے ملک اور بیرون ملک انتہائی ذوق و شوق سے دیکھے جاتے ہیں۔

 ناظرین کی بڑی تعداد اس وقت بھی جیو ٹی وی کے ڈراموں کو دیکھنا اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور جیو کی اِسی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ”جیو ٹی وی“ ایک بار پھر پاکستان کے سب سے بڑے اور معتبر ”لکس اسٹائل ایوارڈز“ میں سب سے زیادہ ایوارڈز لے کر انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا میدان مار لے گا۔